Mushahid Razvi Blogger Team
 نالہ سن کر ہنس رہا ہے عاشق ناشاد کا

 
نالہ سن کر ہنس رہا ہے عاشق ناشاد کا
اے تغافل کیش کچھ منہ کر لبِ فریاد کا

کب ہوا اے شوقِ وصل اُس پر اَثر فریاد کا
کیوں کلیجہ نوچتا ہے تو دلِ ناشاد کا

حال میں کس سے کہوں اپنے دلِ ناشاد کا
ہائے کوئی سننے والا ہے میری فریاد کا

جب انہیں ملنا نہ ہو منظور تو کیسا اَثر
کیا بھروسہ آہ کا، کیا آسرا فریاد کا

نوچ لیتے ہیں کلیجہ نالہ ہائے بے کسی
منہ نہ کھلوائے کوئی میرے لبِ فریاد کا

اہلِ اُلفت نالہ کش معشوق حیرت میں خموش
شور ہے تیری خموشی کا میری فریاد کا

بے خبر ہو، بے خبر کو کیا خبر اس درد کی
سنگ دل ہو، سنگ دل پر کیا اَثر فریاد کا

لو چلے آؤ کہ رازِ عشق ہو جائے نہ فاش
لو چلے آؤ کہ اب وقت آگیا فریاد کا

وہ ادائے جاں ستاں پھڑکا گئی تڑپا گئی
وار مجھ پر تیغ سے پہلے چلا جلاّد کا

خاک میں مل جائے گی قدرِ شہادت تیرے ساتھ
خون ناحق بچ رہا دامن اگر جلاّد کا

خونِ حسرت ہاں دکھا رنگیں مزاجی کی بہار
دامنِ گل چیں بنے دامن مرے جلاّد کا

یاد کرنا تو بھلایا بھول جانا یاد ہے
بھول جانے والے قائل ہوں میں تیری یاد کا

کس کے جلوؤں نے اِرادوں کو مسخر کر لیا
اب نہ کوئی جور کا شاکی نہ سائل داد کا

کوئے قاتل میں الٰہی کس نے رکھا ہے قدم
شور ہے کس کی زباں پر ہر چہ بادا باد کا

آ، یہ آنکھیں تلوؤں سے مَل آ، یہ دل پامال کر
دن دکھا دے چشم ما روشن دلِ ماشاد کا

او تغافل کیش چیخ اٹھے میرے نالوں سے کوہ
دل تیرا پتھر کا، پتھر کا نہیں فولاد کا

ضبط عشق حُسن گندم گوں بہت دشوار ہے
چاہیے ہے پیٹ اس کے واسطے فولاد کا

اُف صفائے جسم جب وہ کھینچنے بیٹھا شبیہ
خامۂ بہزاد سے نقشہ کھنچا بہزاد کا

ہائے مجبوریِ اُلفت ہاے جوشِ بے کسی
غیر سے کہتا ہوں میں یہ وقت ہے اِمداد کا

آنکھ شیریں سے لگی اب نیند کہتے ہیں کسے
خوابِ شیریں سے رہا کیا واسطہ فرہاد کا

گر نہ ہو مُہر دہن تیری نزاکت کا خیال
ہے تیرا خاموش رہنا ایک ہی فریاد کا

جس طرح منہ تکتے ہیں ہم آج ظالم تو سہی
منہ تکے کل حشر میں تو شاکیِ بے داد کا

آ گیا ہے جب مجھے ذوقِ شہادت کا خیال
منہ میں بھر آیا ہے پانی خنجرِ جلاّد کا

کیوں نہ ہو میرے سخن میں لذتِ سوز و گداز
اے حسنؔ شاگرد ہوں میں داغ سے اُستاد کا
0 Responses

Post a Comment

ثمر فصاحت 2013. Powered by Blogger.