Mushahid Razvi Blogger Team
جہان سے اُسے کیا کام جو ہو جان سے دُور
جو تم سے دُور ہے گویا ہے سب جہان سے دُور
ہوئے ہیں جب سے ہم اس دَر سے اس مکان سے دُور
ہمارے دم پہ بنی ہے تمہاری جان سے دُور
عدُو کے ہوتے کریں پاس ذلتِ عاشق
یہ بات ہے مرے نزدیک اُن کی شان سے دُور
وہ دستِ شوق کی گستاخیاں وصال کی شب
وہ اُن کا شرم سے کہنا دبی زبان سے دُور
بلائیں غیر کو میں جاؤں تو وہ فرمائیں
مری گلی سے مرے دَر مرے مکان سے دُور
ملا ہے آنکھ کے تارے سے وہ مہِ خوبی
غمِ فراق رہے یا رب اس قِران سے دُور
تلاش کر دلِ گم راہ بے نشاں ہو کر
یہی نشان ہے اُن کا کہ ہیں نشان سے دُور
یہ پاسِ اہلِ محبت کیا کہ محفل میں
رقیب کا نہ ہوا منہ تمہارے کان سے دُور
جو راست باز ہیں کج رَو سے میل رکھتے نہیں
کہ تیر ملتے ہی ہو جاتے ہیں کمان سے دُور
عجب نہیں جو بُلایا ہو جَور کرنے کو
جنابِ دل نہیں کچھ میرے مہربان سے دُور
مرے نصیب کو گردش مجھے دیے چکر
پر اُن کا راہ پہ لانا تھا آسمان سے دُور
عدو کی بزم میں وہ بے بُلائے جاتے ہیں
مرے ہی پاس کا آنا تھا اُن کی آن سے دُور
خرامِ ناز کے نزدیک کوئی چیز نہیں
جو بات فتنۂ محشر کے ہو گمان سے دُور
وہیں چلا دلِ مضطر جہاں سن آیا تھا
اِسی میں خیر ہے رہنا مرے مکان سے دُور
یہ دل کا حال ہے ظالم تری جدائی میں
کہ جس طرح ہو کوئی اپنے مہربان سے دُور
نصیبِ غیر کھلا دل بھی پاس جان بھی پاس
غریبِ اہلِ وفا دل سے دُور جان سے دُور
غمِ فراق اور ایسا غمِ فراق حسنؔ
میں اُن کے دل سے، میرا حال اُن کے کان سے دُور
0 Responses

Post a Comment

ثمر فصاحت 2013. Powered by Blogger.